کارپوریشن چناؤ : آصف شیخ کی ورکروں کو میدان میں اتر جانے کی ہدایت، پارلیمنٹری بورڈ اور ورکنگ کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ


کارپوریشن چناؤ : آصف شیخ کی ورکروں کو میدان میں اتر جانے کی ہدایت، پارلیمنٹری بورڈ اور ورکنگ کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ



وارڈ وائز لائحہ عمل تیار کرنے کا مشورہ، زمینی سطح کیساتھ سوشل میڈیا یونٹ کے استعمال پر زور، انڈین سیکولر پارٹی کی پہلی میٹنگ 



سیاسی مخالفین کے گمراہ کن پروپیگنڈہ پر منہ توڑ جواب دینے کا بھی فیصلہ، عوام کو اچھائی ۔ برائی کی یاد دلانا ضروری




مالیگاؤں : 11 مئی (بیباک نیوز اپڈیٹ) سپریم کورٹ کی ہدایت پر اب پورے مہاراشٹر میں بلدیاتی انتخابات کا بگل بجنے والا ہے ۔اس ضمن میں جہاں مہاراشٹر حکومت اور الیکشن محکمہ تیاری میں جٹ گیا ہے اور آئندہ ماہ جون میں الیکشن کا نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا ۔چار ماہ میں چناؤ بھی ہونگے ایسے میں مالیگاؤں کا سیاسی پارہ رفتہ رفتہ گرم ہوتا جارہا ہے ۔اسی سلسلہ میں آج سابق ایم ایل اے آصف شیخ رشید کی صدارت میں انڈین سیکولر پارٹی .I S. L. A. M پارٹی کی میٹنگ حراء انگلش میڈیم اسکول کے گراؤنڈ پر ہوئی ہے ۔ یہاں سابق و موجودہ کارپوریٹرس، پارٹی کے ذمہ داران اور جانباز ورکروں نے شرکت کی ۔اس موقع پر خواہش مند امیدواروں اور پارٹی کے ذمہ داران اور ورکروں کی جانب سے کئی تجاویز پیش ہوئیں ۔گھنٹوں چلنے والی میٹنگ کے صدارتی خطبہ سے آصف شیخ نے کہا کہ اسمبلی چناؤ میں مخالف سیاسی جماعت نے اہم مسائل کو کنارے رکھتے ہوئے صرف اچھائی اور برائی پر چناؤ لڑا اور عوام کو گمراہ کیا ۔اسمبلی میں انہوں نے کامیابی بھی حاصل کرلی لیکن مسائل پہلے سے زیادہ بڑھ گئے ہیں اور حالات مزید خراب ہوتے جارہے ہیں ۔شہر میں کوئی تعمیری کام کاج نہیں ہوئے، اچھائی برائی کا نعرہ لگانے والے لوگ بھی برائی میں ملوث ہوتے جارہے ہیں ۔آصف شیخ نے کہا کہ ہم شہر کی تعمیرو ترقی کیساتھ ساتھ اچھائی و برائی کے عنوان سے بھی چناؤ لڑینگے اور عوام کو بتائیں گے کہ کون اچھا ہے اور کون برا ہے ۔کس کے کتنے کارنامے ہیں سب عوام کیسامنے لائے جائیں گے ۔آصف شیخ نے کہا کہ شہر میں تعمیری کام کاج تو دور شہر کی نمائندگی کرنے والا ایم ایل اے نہیں ہے ۔آج شہر حالات اور مصائب سے گھرا ہوا ہے تو صرف ہم جدوجہد کررہے ہیں ۔جنم داخلہ معاملہ ،ایس آئی ٹی، قلعہ جھونپڑپٹی معاملہ ،لینڈ جہاد معاملہ اسکول جہاد معاملہ،ووٹ جہاد معاملہ میں ایم ایل اے ناکام ہوچکے ہیں اور پوری نمائندگی اور عوامی کام کاج ہم کررہے ہیں ۔آصف شیخ نے بتایا کہ ہم سماجوادی پارٹی کے مستقیم ڈگنیٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کے ذریعے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔اور آگے بھی شہر کیلئے لڑنے کیلئے تیار ہیں ۔

آصف شیخ نے مزید کہا کہ ہم پوری طاقت سے کارپوریشن چناؤ لڑینگے ۔پورے شہر سے امیدوار میدان میں اتارینگے۔اس کیلئے ہم نے ایک پارلیمنٹری بورڈ اور ورکنگ کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ورکروں اور سابق و موجودہ کارپوریٹرس کو زمین پر کام کرنے اور چناؤ کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔آصف شیخ نے کہا کہ ہم شیخ رشید کی تعمیری حکمت عملی سے اور شہریان کی محبتوں سے کارپوریشن پر اپنا میئر بنانے کی کوشش کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ ہم انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرا سے چناؤ لڑینگے، پارٹی کی میٹنگ میں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بھی لیا جائے گا ۔اس موقع پر درجنوں تجاویز پیش ہوئی اور آئندہ آٹھ روز میں پارلیمنٹری بورڈ و ورکنگ کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے