مہاراشٹر کے ووٹروں کیلئے اہم خبر، ووٹر لسٹ میں نام برقرار رکھنے یا نئے نام شامل کرنے کیلئے ریاستی الیکشن کمیشن کا اعلان

  

  مہاراشٹر کے ووٹروں کیلئے اہم خبر، ووٹر لسٹ میں نام برقرار رکھنے یا نئے نام شامل کرنے کیلئے ریاستی الیکشن کمیشن کا اعلان 



 عوام بیدار رہیں،خصوصی ووٹر لسٹ نظرثانی (SIR) مہم تیز، 8 اگست تک فارم جمع کرانے کی اپیل


  ابتدائی ووٹر لسٹ 17 اگست کو اور 19 اکتوبر کو ریاست کی حتمی ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی 




ممبئی: 29 جولائی(بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاراشٹر کے چیف الیکشن آفیسر کے دفتر نے ریاست بھر میں جاری خصوصی ووٹر لسٹ نظرثانی (Special Intensive Revision) مہم کے سلسلے میں ایک اہم پریس نوٹ جاری کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق جن شہریوں کے نام ابتدائی ووٹر لسٹ میں شامل ہیں، انہیں ضروری دستاویزات کے ساتھ 8 اگست 2026 تک اپنے متعلقہ بوتھ لیول آفیسر (BLO) کے پاس انومریشن فارم جمع کرانا ہوگا۔پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ جو ووٹر مقررہ مدت کے اندر فارم جمع کرا کر اپنی معلومات کی تصدیق کریں گے، ان کے نام 17 اگست 2026 کو شائع ہونے والی ابتدائی ووٹر لسٹ میں برقرار رکھے جائیں گے۔پریس اعلامیے کے مطابق اگر کسی اہل ووٹر کا نام ابتدائی فہرست میں موجود نہ ہو یا کسی وجہ سے شامل نہ کیا گیا ہو تو ایسے افراد 17 اگست سے 16 ستمبر 2026 کے درمیان متعلقہ انتخابی رجسٹریشن افسر کے دفتر میں فارم نمبر 6 کے ذریعے نئے ووٹ اندراج کی درخواست دے سکتے ہیں۔ تمام درخواستوں کی جانچ کے بعد اہل افراد کے نام حتمی ووٹر لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔


اسی طرح اگر کسی ووٹر کو اپنے نام، پتہ یا دیگر معلومات میں اصلاح کرانی ہو، نام حذف کرانا ہو یا کسی اندراج پر اعتراض درج کرانا ہو تو وہ بھی مقررہ مدت کے دوران متعلقہ فارم کے ذریعے درخواست دے سکتا ہے۔ انتخابی حکام تمام اعتراضات اور درخواستوں کی جانچ کے بعد فیصلہ کریں گے۔چیف الیکشن آفیسر کے مطابق تمام دعووں اور اعتراضات کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد 19 اکتوبر 2026 کو ریاست کی حتمی ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی۔

پریس نوٹ میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 کی دفعات 22 اور 23 کے تحت ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے، حذف کرنے یا معلومات میں اصلاح کی سہولت ایک مسلسل (Continuous Updation) عمل ہے۔ اس لیے اہل شہری اپنی انتخابی معلومات درست رکھنے کے لیے مقررہ ضوابط کے مطابق کسی بھی وقت درخواست دے سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ریاست کے تمام اہل شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت اپنے دستاویزات جمع کرائیں، ووٹر لسٹ میں اپنا نام ضرور چیک کریں اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے