شہر میں آباد گھنٹھیواری اور ہائی پرچیز بستیوں کو 7/12 اتارا دینے کیلئے میئر کو میمورنڈم پیش
آصف شیخ کی سرپرستی میں مستقیم ڈگنیٹی ،اعجاز بیگ و سیکولر فرنٹ کا اہم اقدام
مالیگاؤں :25 جون (بیباک نیوز اپڈیٹ)شہر مالیگاؤں میں گونٹھیواری پلاٹس پر مقیم شہریوں کے دیرینہ مسائل کے حل اور زمینوں کے مالکانہ حقوق (7/12 اتارا) کی فراہمی کیلئے سیکولر فرنٹ کے قائد آصف شیخ کی سرپرستی میں اسلام پارٹی، سماجوادی پارٹی اور کانگریس پارٹی کے کارپوریٹرز کی جانب سے مشترکہ طور پر میئر نسرین شیخ کو ایک اہم میمورنڈم پیش کیا گیا ہے۔اس موقع پر آصف شیخ، مستقیم ڈگنیٹی ،اعجاز بیگ نے کارپوریشن سے مطالبہ کیا کہ شہر کی گھنٹھیواری بستیوں کا لے آؤٹ منظور کرتے ہوئے وہاں رہنے والی عوام کو خریدو فروخت کا حق اور 7/12 اتارا فراہم کیا جائے۔
اسی طرح ایسے لے آؤٹ جو پہلے سے منظور شدہ ہیں، لیکن وہاں ایک ہی پلاٹ پر دو یا تین حصے کر کے مکانات تعمیر کر لیے گئے ہیں، ان کی خریدو فروخت اور الگ اتارا حاصل کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ کارپوریشن ایسے پلاٹوں کی تقسیم کو قانونی حیثیت دے اور این او سی جاری کرے۔اس کے علاوہ شہر کی مختلف 14 ہائی پرچیز بستیوں (جیسے گلشیر نگر، گلشن آباد، دت نگر، مولانا حنیف مِلی نگر، محوی نگر، بسم اللہ نگر، عائشہ نگر وغیرہ) جو برسوں سے قائم ہیں، انہیں بھی گھنٹھیواری قانون کے تحت موجودہ شکل میں لے آؤٹ منظور کر کے مالکانہ حقوق دیے جائیں۔ میمورنڈم میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ کارپوریشن کی حد میں آنے والے تمام علاقوں (جیسے دیانہ، دریگاؤں، مالدہ، بھائیگاؤں، سوندگاؤں اور مالیگاؤں سینٹرل ) کی گھنٹھیواری بستیوں پر اس کا اطلاق ہونا چاہیے، تاہم جو زمینیں ڈیولپمنٹ پلان (DP) کے تحت کسی مخصوص ریزرویشن یا راستوں پر آتی ہیں، انہیں اس سے الگ رکھا جائے۔آصف شیخ و مستقیم ڈگنیٹی اور اعجاز بیگ نے میئر سے گزارش کی ہے کہ ان مطالبات کو جنرل بورڈ میٹنگ کے ایجنڈے میں شامل کر کے فوری منظوری دی جائے تاکہ شہر کی ہزاروں عوام کو اس سنگین مسئلہ سے مستقل طور پر نجات دلائی جاسکے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com