چوری کے الزام میں دو گرفتار، تین لاکھ سے زائد کا مال برآمد، رمضان پورہ پولس کی کارروائی
مالیگاؤں : 18 مئی (بیباک نیوز اپڈیٹ) رمضان پورہ پولیس اسٹیشن میں درج کپڑا چوری کے ایک معاملے میں لوکل کرائم برانچ ناسک گرامین کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا، جبکہ جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی سمیت لاکھوں روپے کا سامان برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر 76/2026 17 مئی 2026 کو تعزیراتِ ہند کی دفعات 331(3)، 331(4) اور 305 کے تحت رمضان پورہ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔ اس معاملے کی تفتیش لوکل کرائم برانچ، ناسک گرامین کی ٹیم کر رہی تھی۔ دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ مخبر کی اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے دو مشتبہ افراد کی شناخت کی، جن میں ابوبکر نہال احمد (30 سال) ساکن رمضان پورہ، مالیگاؤں اور گیان دیو سدا تامبے (21 سال) ساکن جمنیری، تعلقہ ناندگاؤں، ضلع ناسک شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ یہ واردات مالیگاؤں کے جاجوادی پولی ٹیکنک کالج کے عقب میں انجام دی گئی تھی۔ حراست میں لینے کے بعد دونوں ملزمین سے سخت پوچھ گچھ کی گئی، جس دوران انہوں نے جرم کا اعتراف کرلیا۔ ملزمین نے انکشاف کیا کہ واردات میں استعمال ہونے والا سامان ایک مہندرا سپرو منی گاڑی نمبر MH-41-AU-7916 کے ذریعے منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس نے ملزمین کی نشاندہی پر چوری شدہ کپڑا، کٹر مشین، ایکسٹرا پاور کمپنی کے بلیڈ، بیٹری اور جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی ضبط کرلی۔ ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 3 لاکھ 10 ہزار 500 روپے بتائی جارہی ہے۔
برآمد شدہ سامان میں تقریباً 54 ہزار روپے مالیت کا 100 میٹر سوتی کپڑا، ڈھائی لاکھ روپے مالیت کی مہندرا سپرو منی گاڑی، 5 ہزار روپے مالیت کی پرو کٹ کٹر مشین، لی آئن بیٹری اور ایکسٹرا پاور کمپنی کا بلیڈ شامل ہے۔ پولیس نے تمام سامان دو پنچوں کی موجودگی میں پنچنامہ تیار کرتے ہوئے ضبط کیا۔ گرفتار ملزمین کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ ان کی میڈیکل جانچ رپورٹ بھی پولیس نے جمع کرا دی ہے۔لوکل کرائم برانچ اور رمضان پورہ پولیس کی اس مشترکہ کارروائی کو شہر میں جرائم کے خلاف اہم کامیابی مانا جارہا ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com