مالیگاؤں ایم آئی ڈی سی میں ڈرائنگ، بلیچنگ، پرنٹنگ پروسیس پلانٹ جاری کیا جائے
تعمیری محاذ کے چیئرمین الحاج عبدالعزیز مقادم اور شہر کے بنکر اداروں سے صابرگوہر کا مطالبہ
مالیگاؤں (بذریعہ ای میل ) 21 ،ستمبر: مالیگاؤں شہر کا شمار مہاراشٹر کی پاورلوم صنعت سے منسلک چنندہ شہروں میں کیا جاتا ہے بلکہ پاورلوم صنعت ہی مالیگاؤں کی واحد صنعت تسلیم کی جاتی ہے شہر کے بنکر ہر دوچار مہینوں میں اور کبھی کبھی سالوں مندی اور کساد بازاری کی لپیٹ میں رہتے ہوئے کاروبار کرتے ہیں بلکہ حالات کی ستم ظریفی سمجھ کر جھیلتے ہیں بہت ساری وجوہات میں ایک سب سے بڑی وجہ مالیگاؤں MIDC اور اطراف میں کپڑوں کی واشنگ،بلیچنگ، اور ڈائنگ کیلئے پروسیس ہاؤس نہیں ہیں لیکن اس کیلئے کوئی تیار بھی نہیں ہوتا ماضی قریب میں جس وقت مالیگاؤں کو حکومت مہاراشٹر نے D+ Zone ڈکلیئر کیا تھا تب مقامی رکن اسمبلی شیخ رشید نے حکومتی سطح پر پالی اور بالوترہ کی طرز پر Dying & Proses Unit قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا اس کے بعد اس معاملہ کو ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا گیا ان طویل جملوں کا اظہار کرتے ہوئے مقامی سماجی و سیاسی شخصیت صابرگوہر نے درج ذیل پریس ریلیز جاری کی
انہوں نے بتایا کہ مقامی بنکروں نے صنعت پارچہ بافی سے منسلک اس شعبہ پر کبھی دھیان نہیں دیا اگرچہ جس وقت مالیگاؤں میں ہینڈلوم کے بعد پاورلوم پر رنگین ساڑیاں بُنی جاتی تھیں اس وقت گھروں گھر رنگاڑ کھاتہ کے نام پر واشنگ، بلیچنگ، ڈائنگ اور پروسیسنگ کے کام ہوا کرتے تھے وہی کام اب بڑے پیمانے پر مشینوں کے ذریعہ کئے جارہے ہیں اور ایسے یونٹ راجستھان کے پالی، بالوترہ، باڑمیر گجرات میں سورت اور مہاراشٹر میں ممبئی کے کئی مقامات پر ہورہے ہیں صابرگوہر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا یہ سچ ہیکہ اس یونٹ کو قائم کرنے کیلئے کثیر سرمایہ درکار ہے جو کسی ایک بنکر یا کارخانہ دار کے بس کا نہیں اس اہم کام کیلئے دوسری سب سے اہم ضرورت بلیچنگ اور پروسیس کے بعد فاضل پانی کو ضائع کرنا ہے کیونکہ یہ اس فاضل پانی میں زہریلے مادے اور تیزابیت ہوتی ہے جو زرخیز زمینوں کو بنجر کرسکتے ہیں اسلئے حکومت ایسے پلانٹ کو منظوری نہیں دیتی لیکن اگر اس یونٹ کے ہمراہ ایس ٹی پی پلانٹ بھی شامل کردیا جائے تو اس فاضل پانی سے زہریلے مادے کو ختم کرکے اس کو دوبارہ استعمال میں بھی لایا جاسکتا ہے مالیگاؤں کے بنکر یا کارخانہ دار اس طرف توجہ دیں تو مقامی بنکروں کو اتنی مندی اور کساد بازاری کا عذاب جھیلنا نہیں پڑیگا
صابرگوہر کے مطابق مالیگاؤں شہر میں بنکروں کی درجنوں تنظیموں کے علاوہ کئی ادارے ہیں جن میں دی پکارنگ سوسائٹی، انجمن صنعتی امداد باہمی، مالیگاؤں کوآپریٹو اسپننگ ملس لمیٹیڈ اور جنتا کوآپریٹو بینک لمیٹیڈ بنکروں کے ترقی یافتہ ادارے ہیں دوسرے، تیسرے اور چوتھے ادارے کو مالیگاؤں تعمیری محاذ کی سرپرستی حاصل ہے جس کے ایک ساتھ دو سرکاری دفاتر سے رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف تعمیری محاذ کے چیئرمین الحاج عبدالعزیز مقادم نے حال ہی میں انڈسٹریل سوسائٹی کی میٹنگ میں کیا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ مالیگاؤں کی واحد پاورلوم صنعت سے مندی اور کساد بازاری کا خاتمہ کرنے کیلئے مالیگاؤں ایم آئی ڈی سی میں ڈائنگ اینڈ پروسیس یونٹ کا قیام لازمی ہے اس کیلئے صرف حکمت عملی اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے کیونکہ الحاج عبدالعزیز مقادم کے زیر اثر جاری تینوں کامیاب اور ترقی یافتہ اداروں میں مالیگاؤں کوآپریٹو اسپننگ ملس لمیٹیڈ کے پاس مالیگاؤں MIDC میں بھرپور زمین ہے انجمن صنعتی امداد باہمی (انڈسٹریل سوسائٹی) کے پاس صنعتی تجربہ اور جنتا کوآپریٹو بینک لمیٹیڈ کے پاس سرمایہ ہے متذکرہ تینوں ادارے بنکروں سے منسلک اور بنکر رہنمائی کا دم بھی بھرتے ہیں جبکہ خود الحاج عبدالعزیز مقادم پاورلوم ایکشن کمیٹی کے بینر تلے صنعت پارچہ بافی کیلئے سینکڑوں تحریکوں کا حصہ رہے ہیں اسلئے وہ اگر چاہیں تو مالیگاؤں MIDC میں حکومت کی مداخلت کے بغیر بنکروں کا اپنا پروسیس یونٹ قائم ہوسکتا ہے کیونکہMIDC علاقہ میں زمین، سرمایہ اور تجربہ سب کچھ میسر ہے اس یونٹ کے قائم ہوجانے کے بعد مقامی بنکروں کو مصنوعی مندی اور کساد بازاری سے نجات حاصل ہوسکتی ہے
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com