دوران امتحان واٹس ایپ پر ٹی ای ٹی پرچہ لیک ، دو گرفتار ، مقدمہ درج
امراوتی : 24 نومبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل کے ذریعہ منعقدہ ٹیچر اہلیتی ٹیسٹ (TET) میں بے ضابطگی سامنے آنے سے ہلچل مچ گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق امراوتی شہر کے ایک امتحانی مرکز سے پرچل لیک ہوجانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔21 دسمبر اتوار کو TET امتحانات مہاراشٹر سمیت امراوتی شہر کے مختلف مراکز پر منعقد ہوئے۔ نارائن داس لڈھا ہائی اسکول میں برسر ملازمت ممتحن میں سے ایک نے سوالیہ پرچہ سوشل میڈیا پر کسی کو شیئر کردیا اور اسے ایک امیدوار نے اپنے پہچان والے کو بھی سینڈ کیا ۔معاملہ کے منظر عام پر آنے کے بعد راجا پیٹھ پولیس نے متعلقہ ممتحن کے ساتھ ساتھ امتحان دینے والے طلبہ کے خلاف دھوکہ دہی کا معاملہ درج کیا ہے اور اتوار کی رات دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزمین کے نام پون کمار شیو پرساد تیواری (49، راجماتا نگر) اور عاقب نوید عارف بیگ (24، ساکن کھلاپور) بتائے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پون کمار تیواری (49، راجماتا نگر) کو تعلیمی افسر نے نارائن داس لڈھا ہائی اسکول میں امیدواروں پر نظر رکھنے کے لیے باڈی گارڈ کے طور پر مقرر کیا تھا۔ اس دوران ایک خاتون افسر جو کہ امتحانی مرکز کی ڈائریکٹر بھی ہیں، کو اسی امتحانی مرکز میں امتحان کی نگرانی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ انہیں لڈھا ہائی اسکول کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی۔
امتحان شروع ہونے کے بعد سینٹر کی خاتون ڈائریکٹر کو تیواری پر شک ہو گیا۔چنانچہ انہوں نے تیواری کا موبائل چیک کیا۔اس وقت یہ دیکھا گیا کہ تیواری نے سوشل میڈیا کے ذریعہ TET کا سوالیہ پرچہ کسی ایک نمبر پر سینڈ کیا تھا۔تب تیواری کا موبائل فون ضبط کر لیا گیا۔اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد محکمہ تعلیم نے پورے سنٹر کی مکمل چھان بین شروع کردی۔
دوران تلاشی امتحانی مرکز کے ڈائریکٹر کو اسی امتحانی مرکز کے کمرہ نمبر 7 میں امتحان دینے والے ایک طالب علم پر شک ہوا۔ جس کا موبائل چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ اس نے TET کا سوالیہ پرچہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے جاننے والے کو روانہ کیا تھا اور اس کے جوابات بھی مانگے تھے۔ امتحان دینے والے کا نام عاقب نوید عارف بیگ بتایا گیا۔ اس ضمن میں اسکول کی ذمہ دار خاتون افسر نے اتوار کی رات پون کمار تیواری اور عاقب بیگ کے خلاف راجا پیٹھ پولیس میں شکایت درج کرائی ہے ۔ راجا پیٹھ پولیس کے مطابق دونوں کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کر مزید پوچھ تاچھ جاری ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com