اسمبلی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ،انتخابی ضابطۂ اخلاق کے دائرے میں اب ریٹائرڈ سرکاری افسران بھی شامل
سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین پر بھی الیکشن کمیشن کی پابندی!
نئی دہلی: 12 نومبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) ملک میں آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل مرکزی الیکشن کمیشن آف انڈیا نے انتخابی مہم اور ضابطۂ اخلاق سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔کمیشن نے سرکاری ملازمین پر عائد انتخابی پابندیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اب ریٹائرڈ سرکاری افسران اور ملازمین کو بھی اس میں شامل کرلیا ہے،جو سبکدوشی کے بعد ریاستی یا مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کے تحت مختلف عہدوں پر دوبارہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔اس فیصلے کے بعد ایسے افراد کو بھی انتخابی ضابطۂ اخلاق کی پابندی کرنا لازمی ہوگا۔الیکشن کمیشن نے یہ ہدایات 9 نومبر کو جاری کردہ ایک خط کے ذریعے گوا، منی پور، پنجاب، اترپردیش اور اتراکھنڈ کے چیف سیکریٹریز اور چیف الیکٹورل افسران کو ارسال کی ہیں۔ ان پانچ ریاستوں میں 2027 کے اوائل میں اسمبلی انتخابات متوقع ہیں۔کمیشن کے مطابق اب تک ریٹائرڈ افسران کی انتخابی سرگرمیوں اور سیاسی غیرجانبداری کے حوالے سے واضح رہنما اصول موجود نہیں تھے، جس کے باعث اس معاملے میں شکایات سامنے آرہی تھیں۔
نئے احکامات کے مطابق ریٹائرڈ سرکاری افسران اور ملازمین انتخابی ضابطۂ اخلاق نافذ رہنے کے دوران کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے اور نہ ہی کسی امیدوار کے حق میں تشہیر یا ووٹ مانگنے کی سرگرمیوں میں شامل ہوسکیں گے۔ انہیں اپنی سابقہ سرکاری حیثیت، عہدے، نام یا اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کسی سیاسی جماعت، امیدوار یا گروپ کی حمایت کرنے سے بھی گریز کرنا ہوگا۔
انتخابی افسران کو اجلاس کے لیے طلب کرنے پر بھی پابندی
الیکشن کمیشن نے مزید واضح کیا ہے کہ جن اضلاع یا انتخابی حلقوں میں انتخابات کا اعلان ہوچکا ہو، وہاں ایسے ریٹائرڈ یا دوبارہ مقرر کیے گئے افسران کسی بھی انتخابی امور سے متعلق افسر کو سرکاری گفتگو یا اجلاس کے لیے طلب نہیں کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ انتخابی عمل سے وابستہ افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس یا دیگر سرکاری میٹنگ منعقد کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔کمیشن نے اپنے حکم میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ انتخابی ضابطۂ اخلاق کی دفعات صرف سرکاری محکموں تک محدود نہیں ہیں بلکہ حکومت کی مکمل یا جزوی مالی اعانت سے چلنے والے اداروں، کمیٹیوں، کارپوریشنوں اور کمیشنوں کے ملازمین پر بھی ان کا اطلاق ہوتا ہے۔اسی بنیاد پر دوبارہ سرکاری خدمات انجام دینے والے سبکدوش ملازمین کو بھی ان پابندیوں کے دائرے میں لایا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ ریاستی حکومتوں کو ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے یا ان پر عمل نہ کرنے کے کسی بھی معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس فیصلے کا بنیادی مقصد انتخابی عمل کو شفاف، غیرجانبدار اور سیاسی اثر و رسوخ سے پاک رکھنا ہے، تاکہ سرکاری عہدوں یا انتظامی رسائی کا استعمال کسی مخصوص سیاسی جماعت یا امیدوار کے حق میں نہ ہوسکے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com