مالیگاؤں:منشیات اسمگلر فیروز خان سمیت دو گرفتار، نشہ کیخلاف پولس کی بڑی کارروائی، لاکھوں کا مال ضبط 



گجرات سے مالیگاؤں لائی گئی کوڈین سیرپ اور الفرازولم گولیوں کا بڑا ذخیرہ برآمد، ملزمین کو پانچ دنوں کی پولس تحویل 




​مالیگاؤں :21 اگست(بیباک نیوز اپڈیٹ)ناسک ضلع کے ایس پی ڈاکٹر ڈی ایس سوامی کی ہدایت پر مالیگاؤں پولیس نے منشیات اور ممنوعہ ادویات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے گجرات سے مالیگاؤں لائی جانے والی کوڈین سیرپ اور الفرازولم گولیوں کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔ اس کارروائی میں پولیس نے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے پاس سے ساڑھے چھ لاکھ روپے سے زائد کی مالیت کا سامان اور ایک گاڑی ضبط کر لی ہے۔اس طرح کی تفصیلات آج مالیگاؤں شہر کے ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے کنٹرول روم میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں دی ۔پریس بریفنگ کے دوران سورج گنجال نے بتایا کہ ۲۰ تاریخ کو پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ گجرات کا رہنے والا ایک شخص الفرازولم ٹیبلٹس اور کوڈین سیرپ کی بوتلوں پر مشتمل ممنوعہ ادویات ایک پک اپ گاڑی کے ذریعے مالیگاؤں لے کر آ رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی مالیگاؤں شہر پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کلو کٹی میدان کے قریب چھاپہ مارا اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔


پولیس نے موقع پر کی گئی کارروائی میں ۲,۳۷,۶۰۰ روپے مالیت کی ۱۲۰۰ کوڈین سیرپ کی بوتلیں (۱۰ باکس) اور ۱,۶۲,۵۸۰ روپے مالیت کی ۶۷,۲۰) الفرازولم گولیاں (۴,۴۸۰ سٹرپس) ضبط کی ہیں۔ اس کے علاوہ نقل وحمل کے لیے استعمال کی جانے والی ۲ لاکھ روپے کی ایک ٹاٹا ایس (Tata Ace) پک اپ گاڑی اور ۳ موبائل فون بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔ برآمد کیے گئے کل سامان کی مالیت ۶,۳۵,۸۷۹ روپے بتائی گئی ہے۔
​پریس کانفرنس میں سورج گنجال نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ملزمان میں گجرات کے عمر واڑا (سورت) کا رہائشی فیروز خان لقمان خان، نیز مالیگاؤں کے شکاری چوک کا رہائشی رئیس خان سید خان اور دیانہ رمضان پورہ کا رہائشی وحید خان حسن صدیق حسن شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم فیروز اس سے پہلے بھی آزاد نگر اور پوار واڑی پولیس اسٹیشنوں میں این ڈی پی ایس اور موکا (MOCA) کے تحت درج مقدمات میں مفرور تھا۔​مالیگاؤں شہر پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور عدالت نے تمام ملزمان کو ۵ دن کی پولیس تحویل (کسٹڈی) میں بھیج دیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس نیٹ ورک کا سراغ گجرات سے جڑا ہوا ہے اور مال کا آرڈر دینے والے دیگر افراد کی تلاش اور مزید سنسنی خیز انکشافات کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔اس موقع پر ڈی وائے ایس پی سدھارتھ باروال ،سٹی پولس اسٹیشن کے پی آئی پاٹل، ایڈیشنل ایس پی اسکواڈ کے جوان سمیت کرائم برانچ کے پولس ملازمین موجود تھےجنہوں نے اس کارروائی میں اہم کردار ادا کیا ۔گرفتار ملزمان کو پانچ دنوں کی پولس تحویل دی گئی ہے ۔