مالیگاؤں میں ڈینگو کے خلاف جنگی سطح پر اقدامات، تین روز میں 10 ہزار ٹیسٹ کا ہدف
ضلع کلکٹر آیوش پرساد کی میونسپل کارپوریشن میں اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ
ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کرنے کی ہدایت
مالیگاؤں، 21 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر میں ڈینگو کے 16 فعال مریضوں کی نشاندہی کے بعد انتظامیہ نے ڈینگو کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے جنگی سطح پر اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع کلکٹر آیوش پرساد نے میونسپل کارپوریشن میں اعلیٰ افسران اور محکمہ صحت کے ذمہ داران کے ساتھ خصوصی جائزہ میٹنگ منعقد کرکے شہر میں ڈینگو کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔جائزہ میٹنگ میں ضلع کلکٹر نے محکمہ صحت کو آئندہ تین روز میں 10 ہزار ڈینگو ٹیسٹ کرنے کا ہدف دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کی جانچ کرکے ممکنہ مریضوں کی بروقت شناخت، تشخیص اور علاج کو یقینی بنایا جائے۔ میٹنگ میں میئر شیخ نسرین بانو خالد، قائمہ کمیٹی کے چیئرمین اعجاز بیگ، میونسپل انتظامیہ کے جوائنٹ کمشنر شیام وٹھل گوساوی سمیت میونسپل کارپوریشن اور محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔ضلع کلکٹر آیوش پرساد نے وبائی امراض کے ماہرین کو ہدایت دی کہ ڈینگو کے مریضوں کی جغرافیائی نقشہ بندی کی جائے اور ان علاقوں کی نشاندہی کی جائے جہاں ڈینگو کے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ مریضوں کے علاقوں کا مکمل سروے کرکے ممکنہ ہاٹ اسپاٹ کی بنیاد پر خصوصی احتیاطی اقدامات کرنے پر زور دیا۔
ڈینگو پھیلانے والے مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لیے دن کے اوقات میں شہر بھر میں کنٹینر سروے کرنے کی ہدایت دی گئی۔ گھروں اور عوامی مقامات پر جمع شدہ پانی، پانی کے برتنوں، ٹینکوں اور دیگر آبی ذخائر کی جانچ کرکے مچھروں کے لاروا کی افزائش گاہوں کو ختم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کو کہا گیا۔اسی طرح شام کے اوقات میں مچھروں پر قابو پانے کے لیے فوگنگ مہم کو مؤثر انداز میں چلانے کی ہدایت دی گئی۔ ڈینگو کے لاروا کی تلفی کے لیے ضرورت کے مطابق شہر کے مختلف آبی ذرائع میں گپی فش چھوڑنے کے اقدامات بھی کرنے کو کہا گیا۔
ضلع کلکٹر نے ڈینگو کی علامات والے مریضوں کے ساتھ رابطے میں آنے والے افراد اور متعلقہ علاقوں کے شہریوں کی بھی جانچ کرنے کی ہدایت دی۔ شہریوں کو فوری طبی سہولت اور تشخیص فراہم کرنے کے لیے شہر میں فیور کلینک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جہاں بخار اور دیگر علامات والے افراد کی بروقت جانچ کی جاسکے گی۔انہوں نے ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ممکنہ مریضوں کی جلد شناخت اور بروقت علاج کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ شہریوں کو طویل عرصے تک پانی ذخیرہ کرنے کی ضرورت نہ پڑے، اس کے لیے کم از کم دو دن میں ایک بار پانی کی فراہمی کے لیے ضروری منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی گئی۔اس کے علاوہ شہریوں میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے والے برتنوں اور کنٹینرز کو استعمال سے پہلے اچھی طرح صاف کیا جائے، پانی کو زیادہ دن تک جمع نہ رہنے دیا جائے اور گھروں کے آس پاس پانی کھڑا ہونے سے روکا جائے۔
جائزہ میٹنگ کے دوران ضلع کلکٹر آیوش پرساد نے ڈینگو کے مریضوں کی صحت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق شہر میں ڈینگو کے تمام مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔ ضلع کلکٹر آیوش پرساد نے کہا کہ ڈینگو پر قابو پانا صرف محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں بلکہ میونسپل کارپوریشن، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوامی بیداری اور شہریوں کی فعال شرکت کو بھی ڈینگو کنٹرول مہم کا اہم حصہ قرار دیا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے گھروں اور اطراف میں پانی جمع نہ ہونے دیں، انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے احتیاطی اقدامات میں تعاون کریں اور ڈینگو کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر طبی جانچ کرائیں۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے ہی مالیگاؤں شہر میں ڈینگو کے پھیلاؤ پر مؤثر طریقے سے قابو پایا جاسکتا ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com