مہاراشٹر کے سرکاری اسکولوں میں اسپیکر سسٹم نصب کرنے محکمۂ تعلیم کا اہم فیصلہ
ممبئی/پونہ: یکم اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاراشٹر حکومت نے ریاست کے سرکاری اور مقامی خود مختار اداروں (کارپوریشن، ضلع پریشد ،پنچایت سمیتی اور میونسپلٹی) کے تحت چلنے والے اسکولوں میں جدید اسپیکر (پبلک ایڈریس) سسٹم نصب کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ محکمۂ تعلیم کا مقصد اسکولوں میں روزانہ کی دعاؤں، اہم اعلانات، تعلیمی پیغامات اور ہنگامی اطلاعات کو مؤثر انداز میں تمام طلبہ تک پہنچانا ہے۔
محکمۂ تعلیم کے مطابق اسپیکر سسٹم کے ذریعے تمام کلاس رومز اور اسکول کے مختلف حصوں میں ایک ہی وقت میں واضح آواز میں اعلانات کیے جا سکیں گے۔ اس سے نہ صرف انتظامی امور میں سہولت ہوگی بلکہ طلبہ تک تعلیمی، اخلاقی اور قومی اہمیت کے پیغامات بھی بروقت پہنچائے جا سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے نفاذ سے اسکولوں میں نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے، طلبہ کے درمیان یکساں معلومات کی فراہمی اور ہنگامی حالات میں فوری رہنمائی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ منصوبے کو مرحلہ وار نافذ کیے جانے کا امکان ہے اور اس کے لیے متعلقہ تعلیمی حکام کو ضروری ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔تعلیمی ماہرین کا ماننا ہے کہ جدید اسپیکر سسٹم کے استعمال سے سرکاری اسکولوں کی بنیادی سہولیات میں اضافہ ہوگا اور تعلیمی ماحول مزید مؤثر بنے گا۔ حکومت کی یہ پہل اسکولوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com