ناسک ضلع میں ریڈ الرٹ جاری، موسلا دھار بارش کے سبب تمام ڈپارٹمنٹ الرٹ موڈ پر: کلکٹر آیوش پرساد



ناسک ضلع میں ریڈ الرٹ جاری، موسلا دھار بارش کے سبب تمام ڈپارٹمنٹ الرٹ موڈ پر: کلکٹر آیوش پرساد


ناسک : 31 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) محکمہ موسمیات (IMD) اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ناسک ضلع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیے جانے کے بعد ضلع انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہو گئی ہے۔ ضلع کلکٹر آیوش پرساد نے بتایا کہ ممکنہ شدید بارش کے پیش نظر تمام ہنگامی خدمات، امدادی ٹیمیں اور متعلقہ محکموں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ضلع کے شمال مشرقی تعلقوں، جن میں مالیگاؤں، ناندگاؤں، منماڑ اور نفاڑ شامل ہیں، کے علاوہ اگت پوری، پیٹھ، تریمبکیشور اور سرگانہ کے گھاٹی علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق گھاٹی علاقوں سے بہنے والا پانی ناسک شہر اور دِنڈوری کے نشیبی علاقوں تک پہنچ سکتا ہے، جس کے پیش نظر آبپاشی محکمہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


کلکٹر آیوش پرساد نے بتایا کہ تاحال ضلع میں بارش کے سبب کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے اور تمام اہم شاہراہیں آمدورفت کے لیے کھلی ہیں۔ کسانوں کو بھی فصلوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ کسی بھی نقصان کی صورت میں فوری پنچنامہ کرنے کی ہدایت محکمہ مال کو دی گئی ہے۔ضلع انتظامیہ کے مطابق ناسک میونسپل کارپوریشن، مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن اور دیگر مقامی خود مختار اداروں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ امدادی ٹیمیں مختلف مقامات پر تعینات ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ضلع کلکٹر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریڈ الرٹ کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، افواہوں پر توجہ نہ دیں اور صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے