مالیگاؤں ،امراوتی اور ناندیڑ میں بیجا گرفتاریوں پر روک لگائی جائے
وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل سے ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں جمعیۃ علماء وفد کی ملاقات
ممبئی :17 نومبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) : امراوتی ، مالیگاؤں اور ناندیڑ میں ہوئے گذشتہ جمعہ کے بند کے بعد پر تشدد واقعات کی روشنی میں پولس کی جانب سے بے قصوروں کو گرفتار کئے جانے اور انہیں ہراساں کئے جانے پر روک لگائی جائے ۔اسطرح کا مطالبہ آج مہاراشٹر سماجوادی پارٹی کے صدر و ایم ایل اے اسمبلی ابو عاصم اعظمی اور رکن اسمبلی رئیس شیخ نے وزیر داخلہ مہاراشٹر دلیپ ولسے پاٹل سے کیا ۔ وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل سے ملاقات کے دوان جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے لیگل ایڈوائزر ایڈوکیٹ شاہد ندیم بھی موجود تھے۔
امراوتی مالیگاؤں اور ناندیڑ کے بگڑتے حالات اور پولس کی یک طرفہ کارروائی کے تعلق سے جمعیۃ علماء قانونی امدادکمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے ابو عاصم اعظمی سے گذارش کی تھی کہ وہ پولس کی جانب سے کی جانے والی یک طرفہ کارروائی کی ہوم منسٹر سے شکایت کریں جس کے بعد آج وفد نے ممبئی کے والکیشور علاقے میں واقع سرکاری بنگلے پر دلیپ ولسے پاٹل سے ملاقات کی۔
ابو عاصم اعظمی اور رئیس شیخ نے دلیپ ولسے پاٹل کو بتایا کہ پولس نوجوان لڑکوں پر 307 اور دیگر سنگین دفعات کا اطلاق کر کے انہیں گرفتار کررہی ہے جس کی وجہ سے عوام میں ڈر اور خوف کا ماحول ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولس بجائے حقیقی خاطیوں کے عام پبلک کو ظلم کا نشانہ بنا رہی ہے جو فوراً بند ہونا چاہئے ورنہ عوام مشتعل ہوجائے گی اور پھر حالات بے قابو ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ان واقعات کا سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے لہذا فوراً حالات کو قابومیں کرنا ہوگا۔وفد کی باتوں کو بغود سننے کے بعد دلیپ ولسے پاٹل نے وفد کو یقین دلایا کہ اس جانب سے توجہ دیں گے اور اعلی پولس افسران سے رابطہ قائم کرکے رپورٹ طلب کریں گے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com