حلقہ بندی و خواتین ریزرویشن قانون کی تجویز کو مرکزی کابینہ کی منظوری
لوک سبھا اور اسمبلی کی سیٹوں میں 50 فیصد اضافے کی تجویز، خصوصی اجلاس میں پیش کرنے کی تیاری
نئی دہلی: 28 نومبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) ملک کی سیاست میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی سمت مرکزی حکومت نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں جمعہ 27 نومبر کو منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں خواتین کو پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں 33 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے سے متعلق آئینی ترمیمی بل کو منظوری دے دی گئی۔اس بل کے تحت لوک سبھا اور تمام ریاستوں کی اسمبلیوں کی نشستوں میں یکساں طور پر 50 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔حکومت کی نئی تجویز کے مطابق حلقہ بندی (Delimitation) کے عمل کے تحت ملک کی تمام ریاستوں میں لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔اس اقدام کا مقصد خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو عملی طور پر نافذ کرنے کے ساتھ ریاستوں کے درمیان پارلیمانی نمائندگی کے تناسب کو برقرار رکھنا ہے۔ مجوزہ توسیع کے بعد لوک سبھا کی مجموعی نشستوں کی تعداد بڑھ کر زیادہ سے زیادہ 850 تک پہنچ سکتی ہے۔
اس مجوزہ بل کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ 1971 کی مردم شماری کی بنیاد پر ریاستوں کے درمیان لوک سبھا نشستوں کی موجودہ متناسب نمائندگی کو مزید 25 سال یعنی 2051 تک برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔اس فیصلے سے جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کے ان خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جنہیں اندیشہ تھا کہ نئی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندی ہونے سے ان کی پارلیمانی نمائندگی کا تناسب کم ہو سکتا ہے۔مرکزی حکومت اس بل کو پارلیمنٹ کے آئندہ خصوصی اجلاس میں دوبارہ پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ لوک سبھا کا خصوصی اجلاس 30 نومبر سے شروع ہوگا، جبکہ راجیہ سبھا کا اجلاس 2 دسمبر سے منعقد ہونے کا امکان ہے۔ یہ اجلاس 3 دسمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔حکومت کی کوشش ہے کہ اسی اجلاس میں خواتین کے ریزرویشن اور حلقہ بندی سے متعلق قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت نے اپریل 2026 میں بھی خواتین کے ریزرویشن اور حلقہ بندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا، لیکن لوک سبھا میں اسے مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہوسکی تھی۔ اب نئی ترامیم کے ساتھ حکومت نے دوبارہ اس بل کو منظور کروانے کی کوشش شروع کی ہے۔ آئینی ترمیم کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت ضروری ہونے کے باعث حکومت کو مختلف سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔سیاسی مبصرین کے مطابق اگر یہ بل پارلیمنٹ سے منظور ہو جاتا ہے تو ملک کی پارلیمانی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی آسکتی ہے۔ خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کے نفاذ کی راہ ہموار ہونے کے ساتھ پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ ہوگا۔تاہم اس بل کی حتمی منظوری اور اس پر مختلف سیاسی جماعتوں کا موقف آنے والے خصوصی اجلاس میں واضح ہوگا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com