بیباک کی خبر کا اثر، کارپوریشن حرکت میں آئی،قدوائی روڈ سے تجاوزات ہٹائے گئے،ٹریفک کنٹرول کیلئے گارڈز تعینات


بیباک کی خبر کا اثر، کارپوریشن حرکت میں آئی، قدوائی روڈ سے تجاوزات ہٹائے گئے،ٹریفک کنٹرول کیلئے گارڈز تعینات



عوام کو آمد و رفت کے مسائل سے حقیقی نجات دلانے  گارڈز کی خدمات اور اتی کرمن مخالف کارروائی مسلسل جاری رکھی جائے 



 تعطیل کے دن بھی صبح سے شام تک انسدادِ تجاوزات مہم جاری رہی، شہر کی مصروف شاہراہوں پر بھی کارروائی کا مطالبہ 
 



مالیگاؤں: 21 نومبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل اور اہم شاہراہوں پر تجاوزات کے باعث عوام کو درپیش پریشانیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بیباک نیوز پورٹل نے گزشتہ 20 نومبر کو ایک تفصیلی خبر شائع کی تھی۔خبر کی اشاعت کے بعد مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے فوری حرکت میں آتے ہوئے قدوائی روڈ پر کارروائی کی اور راستے سے تجاوزات ہٹانے کے ساتھ ٹریفک کو منظم کرنے کیلئے گارڈز بھی تعینات کردیئے۔تفصیلات کے مطابق شہر کی اہم شاہراہوں قدوائی روڈ، آگرہ روڈ اور کسمبا روڈ ۔مشرقی اقبال روڈ، محمد علی روڈ، خیابانِ نشاط روڈ ،چندنپوری روڈ سمیت شہر کی مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ایک جانب مختلف مقامات پر سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے تو دوسری جانب راستوں پر قائم تجاوزات اور ٹریفک کنٹرول کیلئے گارڈز کی ناکافی تعداد یا ان کی عدم موجودگی کے سبب شہریوں کو آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بیباک نیوز نے عوامی مسائل کو اجاگر کیا تھا، جس کے بعد کارپوریشن کے محکمہ انسدادِ تجاوزات نے آج سنیچر کو تعطیل کے باوجود قدوائی روڈ پر خصوصی کارروائی انجام دی۔صبح سے شام تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران درجنوں تجاوزات کو ہٹایا گیا اور راستے کو آمد و رفت کیلئے کھولا گیا۔قابلِ ذکر ہے کہ قدوائی روڈ پر پہلے ہی تعمیراتی کام جاری ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی تھی، ایسے میں سڑک کے کناروں اور راستوں پر قائم تجاوزات نے صورتحال کو مزید مشکل بنا دیا تھا۔ اس کے علاوہ کارپوریشن کی جانب سے ٹریفک کی نگرانی کیلئے تعینات گارڈز بھی اس مصروف شاہراہ پر مؤثر انداز میں نظر نہیں آرہے تھے۔

تاہم آج کی کارروائی کے دوران کارپوریشن نے نہ صرف تجاوزات ہٹانے پر توجہ دی بلکہ قدوائی روڈ پر ٹریفک کو قابو میں رکھنے کیلئے گارڈز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ کارروائی محض ایک روزہ مہم تک محدود نہ رہے بلکہ شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر تجاوزات کے خلاف مستقل اقدامات کئے جائیں اور ٹریفک گارڈز کی خدمات بھی باقاعدگی سے حاصل کی جائیں، تاکہ عوام کو روزمرہ کی آمد و رفت میں درپیش مشکلات سے حقیقی راحت مل سکے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے